
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی(Mir Sarfraz Bugti) اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو (Mir Zia ullah Langv)کی خصوصی ہدایات پر 12 ربیع الاول کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں عید میلاد النبی ﷺ کے مذہبی جلوس پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔ معاونِ برائے داخلہ بلوچستان بابر خان یوسفزئی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی ذمہ داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔ 12 ربیع الاول سے قبل ہی سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا تھا، جس کے تحت جلوسوں کے روٹس، اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور اہم تنصیبات پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار دن بھر الرٹ رہے اور جلوسوں کے شرکاء سمیت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی۔ جلوسوں کے روٹس کے ساتھ داخلی و خارجی راستوں، حساس پوائنٹس اور اہم مقامات کی بھی نگرانی کی گئی، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے خود بھی کوئٹہ کے مرکزی جلوس میں شرکت کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس، ایف سی اور دیگر اداروں کے افسران و اہلکاروں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین حکمتِ عملی، باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کے باعث بلوچستان بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پُرامن انداز میں منعقد ہوئے۔
معاونِ برائے داخلہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ مذہبی تہواروں اور عوامی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بلوچستان پولیس، ایف سی، انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کو ان کی جانفشانی اور ذمہ داری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ بابر یوسفزئی نے شہریوں، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، جلوس کے منتظمین اور تمام شرکاء کا بھی سیکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا، جس کے باعث عید میلاد النبی ﷺ کا مقدس موقع بلوچستان بھر میں امن، عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

Leave a Reply