کوئٹہ: مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صوبائی کابینہ کے وفد نے کمشنر ایف بی آر رحمت اللہ درانی سے ملاقات کی، جس میں چھوٹے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس سے متعلق مختلف امور اور اہم نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے چیئرمین سید یاسین آغا، جنرل سیکرٹری حاجی محمد یوسف، سینیئر نائب صدر محمد نعمان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات کلیم اللہ داوی، فنانس سیکرٹری حاجی موسیٰ جان خلجی، نائب صدر احسان الدین خلجی، کٹ پیس مارکیٹ کے صدر صادق آزاد، ایگزیکٹو ممبر قیصر خان کاکڑ اور آفس سیکرٹری سلطان خلجی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر تنظیم تاجران سرکی روڈ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حیدر خان خلجی، سینیئر وائس چیئرمین حاجی باسط سومرو، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مطیع اللہ آغا، سیکرٹری اطلاعات فیروز خان، اسید سومرو اور دیگر بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس کے دوران چھوٹے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس کے حوالے سے متعدد اہم نکات زیر غور آئے جبکہ متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ تاجروں کے نمائندوں نے چھوٹے کاروباری طبقے کو درپیش مسائل اور ٹیکس نظام سے متعلق اپنے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو مزید آسان اور قابل عمل بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے کاروباری افراد کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے جو تاجروں کے لیے آسان اور قابل فہم ہو۔
اجلاس میں چھوٹے تاجروں کے آسان ٹیکس سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل اور باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

Leave a Reply