واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس اب بحریہ، فضائیہ یا مؤثر کرنسی باقی نہیں رہی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت اپنی فوج اور پولیس کے اہلکاروں کو تنخواہیں ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
ایران کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایران کی قیادت بدحواسی کا شکار ہے اور ملک کی مؤثر نمائندگی کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو اس وقت سنگین معاشی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث ملک کی مجموعی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی امید بھی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی ذرا سی امید اب بھی موجود ہے اور ایرانی حکام ملاقات کے لیے بےتاب ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے یا نہیں، تاہم ایران پر عائد معاشی پابندیاں سخت اثرات مرتب کر رہی ہیں۔

Leave a Reply