لاہور: مریدکے میں مسلم لیگ ن کے سابق میونسپل چیئرمین اور مقامی رہنما شیخ شبیر احمد کو نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شیخ شبیر احمد اپنی فلور مل سے گاڑی پر لاہور جارہے تھے کہ جی ٹی روڈ کے قریب گھات لگائے مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مریدکے منتقل کردیا۔ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد لی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم اصل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک گزشتہ شب 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اہلخانہ کے مطابق وہ کچھ عرصے سے کینسر کے باعث لاہور کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ ان کی نماز جنازہ آج صبح ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔


Leave a Reply