\n

سی آئی اے چیف کا اچانک دورہ ماسکو، روس کو نیٹو ممالک پر حملے سے خبردار کرنے کا انکشاف

August 27, 2026 • ak.alikakar@gmail.com • 👁 1 views

واشنگٹن/ماسکو: امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کے رواں ہفتے اچانک دورہ ماسکو کا مقصد روس کو نیٹو ممالک کے خلاف کسی ممکنہ حملے سے خبردار کرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جان ریٹکلف کا روسی دارالحکومت ماسکو کا یہ پہلا اعلانیہ دورہ تھا۔ یہ دورہ امریکی انٹیلی جنس کے نئے جائزوں کے بعد کیا گیا، جن میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ چند برسوں میں کسی نیٹو اتحادی ملک پر محدود حملے کے ذریعے اتحاد کے عزم کو آزمانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

امریکی حکام کو تشویش ہے کہ یوکرین جنگ میں دباؤ اور اندرون ملک مسائل کے باعث روس کوئی نیا محاذ کھولنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ممکنہ کارروائیوں میں سائبر حملے یا محدود پیمانے پر زمینی دراندازی بھی شامل ہوسکتی ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے تصدیق کی کہ جان ریٹکلف نے ماسکو میں قیام کے دوران روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات اور بات چیت کی، تاہم ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات نہیں ہوئی۔

پیسکوف کے مطابق صدر پیوٹن کو ان مذاکرات اور ملاقاتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے سی آئی اے چیف کے دورہ ماسکو کی تفصیلات پر زیادہ وضاحت نہیں کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں اس دورے کو کسی حد تک معمول کی کارروائی قرار دیتے ہوئے گفتگو کا رخ روس اور یوکرین جنگ کی جانب موڑ دیا، جبکہ سی آئی اے کی ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

تبصرہ نہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *