نئی دہلی: بھارت کے ٹی20 ورلڈ کپ فاتح کپتان سوریا کمار یادیو نے قومی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے معاملے پر پہلی بار کھل کر بات کر دی۔
اجیت اگرکار کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے سوریا کمار یادیو کو نظر انداز کرتے ہوئے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے شریاس آئر کو نیا کپتان مقرر کیا۔
سوریا کمار کو ٹیم سے باہر کیے جانے کی ایک بڑی وجہ گزشتہ دو سال کے دوران ان کی بیٹنگ فارم کو قرار دیا گیا، جس میں وہ مستقل بنیادوں پر رنز بنانے میں مشکلات کا شکار رہے۔ سال 2025 میں وہ بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کر سکے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بھی سوریا کمار کے بیٹ سے صرف ایک نمایاں اننگز دیکھنے کو ملی، جو ان کے ہوم گراؤنڈ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں امریکا کے خلاف سامنے آئی۔ تاہم کپتان کی حیثیت سے ان کی کارکردگی شاندار رہی اور بھارت نے ان کی قیادت میں کوئی سیریز نہیں ہاری، جبکہ ٹیم نے اپنی سرزمین پر ٹی20 ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا۔
سابق بھارتی بلے باز آکاش چوپڑا کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو نے کہا کہ جب ٹیم کی فہرست میں اپنا نام نہیں دیکھا تو وہ مسکرا دیے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے ایک، دو سال ٹیم کے ساتھ کرکٹ کھیلی تو کئی مرتبہ دباؤ اور مشکل حالات کا سامنا کیا، ایسی صورتحال میں میں نے ہمیشہ مسکرانے اور خود کو ریلیکس رکھنے کی کوشش کی۔
سوریا کمار نے اعتراف کیا کہ انہیں بھی توقع نہیں تھی کہ ایسا فیصلہ سامنے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2026 میں انہیں لگ رہا تھا کہ وہ مزید دو سال تک ٹیم کو آگے لے کر چلیں گے۔
بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ اگر سلیکٹرز نے مستقبل کے لیے اسے بہتر فیصلہ سمجھا اور یہی فیصلہ لیا تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ اگر مستقبل میں بھارتی ٹیم کسی اور کی قیادت میں بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے تو انہیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

Leave a Reply