اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان ترجمان کی جانب سے بدخشاں میں ہونے والی جھڑپوں سے متعلق کیا گیا دعویٰ حقائق پر مبنی نہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ بدخشاں میں جاری کشیدگی افغانستان کو درپیش اندرونی سکیورٹی اور انتظامی مسائل کا نتیجہ ہے۔
وزارت اطلاعات نے مؤقف اختیار کیا کہ علاقے میں ہونے والی جھڑپیں افغان طالبان کی موجودہ حکمرانی کے خلاف جاری اندرونی مسلح مزاحمت کی عکاسی کرتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ہمیشہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں رہا ہے اور پڑوسی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں پاکستان کا کوئی مفاد نہیں۔
وزارت اطلاعات نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان پر الزامات عائد کرنے کے بجائے افغانستان میں اپنی حکمرانی کے باعث پیدا ہونے والے داخلی مسائل کے حل پر توجہ دے۔


Leave a Reply