کوئٹہ: ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر بڑیچ نے کہا ہے کہ شہر میں صفائی، روڈ کٹنگ، غیر قانونی تعمیرات اور پارکنگ بڑے مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق کوئٹہ کی بہتری کے لیے شہر کو چار زونز میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر زون میں ایریا سپروائزرز تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ابتدائی طور پر ہر زون میں 20 سینٹری ورکرز تعینات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز ان کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بشیر بڑیچ نے بتایا کہ کوئٹہ کی 10 اہم شاہراہوں کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ماڈل روڈز بنایا جائے گا، جن میں جناح روڈ، ایئرپورٹ روڈ، سریاب روڈ، لیاقت بازار اور ریڈ زون سمیت دیگر اہم سڑکیں شامل ہیں۔ ماڈل روڈز پر صفائی، روڈ مارکنگ، تجاوزات اور پبلک ٹوائلٹس کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کا مسئلہ ایک بڑا چیلنج ہے اور اس کے مستقل حل کے لیے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور بلڈنگ کوڈز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے کہا کہ کمرشل نقشوں کی منظوری کا عمل 30 دن جبکہ رہائشی نقشوں کی منظوری دو ہفتے میں مکمل کی جائے گی۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے ایڈمنسٹریٹر آفس کے دروازے کھلے ہیں اور غیر قانونی تعمیرات، صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور پارکنگ سمیت دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بشیر بڑیچ نے امید ظاہر کی کہ ہر گزرتا دن کوئٹہ کے لیے پہلے سے بہتر ہوگا۔

Leave a Reply