\n

انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں ایک ماہ توسیع کی جائے، کاشف حیدری کا مطالبہ

September 26, 2026 • ak.alikakar@gmail.com • 👁 5 views

مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری نے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کی جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ مسلسل ڈاؤن رہنے اور تکنیکی خرابیوں کے باعث ملک بھر کے تاجر اور عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور مقررہ تاریخ میں گوشوارے جمع کرانا ممکن نہیں، اس لیے تاریخ میں توسیع ناگزیر ہو چکی ہے۔

کاشف حیدری کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں تاجروں پر مزید دباؤ ڈالنے کے بجائے ان کے لیے آسانیاں اور سہولتیں پیدا کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکیں۔ لاکھوں تاجر دن رات محنت کے بعد جب گوشوارے جمع کرانے کی کوشش کرتے ہیں تو سسٹم بند ہو جاتا ہے، جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ناقص پالیسیوں اور ویب سائٹ کے خراب نظام سے نہ صرف عوامی اعتماد مجروح ہو رہا ہے بلکہ حکومتی محصولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت اور ایف بی آر سے اپیل کی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا جائے، تاکہ تاجر برادری اور عام شہری سکون اور اعتماد کے ساتھ اپنا قانونی فریضہ ادا کر سکیں

تبصرہ نہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *