\n

سول ملٹری بیلنس ناگزیر، نجی املاک دہشت گردوں کے استعمال سے محفوظ بنانا ہوگی: سرفراز بگٹی

September 5, 2026 • ak.alikakar@gmail.com • 👁 3 views

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سول اور ملٹری بیلنس برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کو مؤثر کارروائی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کسی صورت اپنے شہریوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کسی صورت سول اور ملٹری کے درمیان عدم توازن کا متحمل نہیں ہوسکتا اور موجودہ حالات میں سول ملٹری بیلنس کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اس وقت ایک ’’گرے زون‘‘ میں آپریٹ کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت عوام سے دہشت گردوں کے خلاف بندوق اٹھانے کا مطالبہ نہیں کر رہی۔ عوام کی ذمہ داری صرف یہ ہے کہ اگر کسی نجی زمین، باغ، گھر، دکان یا ہوٹل کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہو تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت اطلاع دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نجی ملکیت میں مسلح افراد مورچہ بند ہوجائیں یا وہاں سے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جائے تو ریاست اس صورتحال کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ ان کے مطابق اگر نجی املاک مسلسل ریاستی اہلکاروں کے خلاف استعمال ہوتی رہیں تو حکومت کے پاس قانون کے مطابق کارروائی کے سوا راستہ باقی نہیں رہتا۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ شور پارود کے علاقے میں تقریباً ایک ہزار افراد کی آبادی ہے، جن میں زیادہ تر خانہ بدوش افراد شامل ہیں۔ حکومت انہیں عارضی طور پر دوسری جگہ منتقل کرے گی اور ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مستقل نقل مکانی نہیں بلکہ مخصوص مدت کے لیے عارضی انتظام ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ نقل مکانی کے منصوبے میں مستونگ شامل نہیں اور نہ ہی بلوچستان کے دیگر علاقوں کی آبادی کو نقل مکانی کا سامنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دو راستے ہیں، ایک مذاکرات اور دوسرا مؤثر گورننس کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کارروائی۔ اگر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل ہوسکتا ہے تو اس سے بہتر کوئی راستہ نہیں، تاہم دہشت گردی کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھی ضروری ہیں۔

سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی نجی املاک کو دہشت گردوں کے استعمال سے محفوظ رکھیں اور اگر کوئی مسلح گروہ ان کی زمین، باغ، گھر یا کسی دوسری نجی ملکیت کو استعمال کرنے کی کوشش کرے تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد کسی شہری کو مورد الزام ٹھہرانا نہیں بلکہ عوام کو ساتھ لے کر دہشت گردی کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے

تبصرہ نہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *